ایران کا سی آئی اے کے کارندوں کو سزائے موت دینے کا دعویٰ، ٹرمپ کی تردید

Last Updated On 22 July,2019 07:55 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے سی آئی اے کے نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 17 افراد میں سے کچھ کو سزائے موت دے دی گئی۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس ادارے کے جاسوسی کی روک تھام کے شعبے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اب تک 17 مبینہ جاسوسوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں چند کو سزائے موت دیدی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام افراد ایرانی بتائے گئے ہیں اور ان میں سے کچھ کو سزائے موت بھی سنائی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی چند یورپی اور ایشیائی ممالک پر بھی ایران مخالف خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

ایران کی منسٹری آف انٹیلی جنس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے جاسوس حساس اور اہم نجی سیکٹر کے اقتصادی، نیوکلیئر، انفرا اسٹرکچرل، عسکری اور سائبر سینٹرز کے علاقوں میں ملازم تھے جہاں انہوں نے مخصوص اطلاعات جمع کیں۔

سی آئی اے کے جاسوس پکڑنے کا دعویٰ غلط ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا سی آئی اے کے جاسوس پکڑنے کا دعویٰ غلط ہے۔ اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ یہ صرف جھوٹ اور پراپیگنڈہ ہے اسی طرح جیسے انہوں نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان کی معیشت دم توڑ رہی ہے اور جلد یہ مزید بدتر ہو جائے گی۔