آئل ٹینکر قبضے میں لینے کے بعد برطانوی، ایرانی حکام کی ریڈیو گفتگو سامنے آ گئی

Last Updated On 22 July,2019 03:38 pm

لندن: (دنیا نیوز) آئل ٹینکر قبضے میں لینے کے بعد برطانیہ اور ایران کے بحری حکام کی ریڈیو گفتگو سامنے آ گئی۔ ایرانی حکام نے برطانوی جہاز کو راستہ تبدیل کرنے کو کہا تو برطانوی جنگی بحری جہاز نے ایرانی بحریہ کو آئل ٹینکر سے دوررہنے کی وارننگ دی۔

برطانیہ اور ایران آئل ٹینکرز کے قبضے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، دونوں ممالک کے بحری حکام کی ریڈیو گفتگو سامنے آ گئی۔ سپاہ پاسداران کی جنگی کشتی نے برطانوی تیل بردار بحری جہاز کو راستہ تبدیل کرنے کا حکم دیا تو جواب میں خلیج فارس میں تعینات برطانیہ کا جنگی جہاز بھی میدان میں آ گیا۔

فوکس ٹروٹ جہاز کی جانب سے ایرانی بحریہ کو تیل بردار جہاز سے دور رہنے کی تنبیہ کی گئی اور ساتھ ہی اپنے آئل ٹینکر کو ہدایت جاری کی کہ اپنا سفر تیزی سے جاری رکھے۔

برطانوی وزیر دفاع ایلووڈ نے کہا کہ اس اقدام کے جواب میں ایران پر پابندیوں کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ ایرانی اثاثے منجمد کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔