ایران سے تیل درآمد، عراق کو 90 دن کا استثنیٰ مل گیا

Last Updated On 16 June,2019 04:02 pm

بغداد: (ویب ڈیسک) امریکی حکومت نے توانائی کے بحران سے دوچار ملک عراق کو پابندیوں کے شکار ہمسایہ ملک ایران سے تیل کی امپورٹ کا ایک اور استثنیٰ دے دیا ہے۔ اس استثنیٰ کی مدت 90 دن ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے عراق کو پہلا استثنیٰ 45 ایام کا دیا اور یہ شدید گرم موسم میں ایران سے بجلی خریدنے سے متعلق ہے۔ عراق میں سخت گرمی پڑتی ہے اور درجہ حرارت بڑھنے کے بعد ملک کو بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

عراق میں شدید گرمی پڑھنے کے باعث 20.20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے امریکی انتظامیہ کی طرف سے ملک کو ریلیف دیتے ہوئے پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس استثنیٰ کا مقصد توانائی بحران میں مبتلا عراق کو ریلیف دینا ہے۔ ہم اپنے اتحادی عراق سے ایران پر لگائی گئی پابندیوں کے حوالے سے بات چیت کرتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ عراق اپنے ہمسایہ ملک ایران سے 1300 میگا واٹ بجلی اور 28 ملین کیوبک میٹر گیس روزانہ درآمد کرتا ہے۔ امریکی حکومت کا ایران سے تیل خریدنے کا مختلف ممالک کو دیا گیا استثنیٰ 2 مئی 2019ء کو ختم ہو گيا تھا۔