امریکہ نے آئل ٹینکرز حملوں کا الزام تہران پر دھر دیا، ایران کی سخت مذمت

Last Updated On 14 June,2019 09:57 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) خلیج عمان میں آئل ٹینکرز پر حملے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی، امریکی وزیر خارجہ نے حملوں کا الزام تہران پر لگا دیا، ایران نے پومپیو کا بیان مسترد کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب خلیج عمان میں دو آئل ٹینکرز پر حملے، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹینکروں پر بلا اشتعال حملوں کا الزام ایران پر عائد کر دیا۔

مائیک پومپیو کے مطابق حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی قسم سے متعلق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے نے امریکا کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز خلیج عمان میں دو تیل کے ٹینکروں پر ہونے والے حملوں کے بعد عملے کے درجنوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔