پاکستان اور بھارت میں جوہری جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے: امریکی اخبار

Last Updated On 08 March,2019 09:23 am

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنا عین ممکن ہے۔ سرحدوں پر دونوں ملکوں کی فوج تیار ہے اور حکومتوں کے درمیان ڈائیلاگ نہ ہونے کے برابر ہے۔

نیویارک ٹائمز نے خبردار کر دیا۔ امریکی اخبار نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ شمالی کوریا نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ جانے کا امکان ہے، دونوں ملک خطرناک صورتحال میں داخل ہوچکے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان اور بھارت کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتے، خوف ناک صورت حال کا سامنا رہے گا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارت کا پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں دہشتگرد مارنے کا دعویٰ بھی مشکوک ہے جبکہ نریندر مودی پاکستان کے خلاف بات کر کے ہندو قوم پرستی کو ہوا دے رہے ہیں۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گرفتار بھارتی پائلٹ واپس کیا جو خیر سگالی کے طور پر دیکھا گیا، اس سے نریندر مودی کو بھی موقع ملا کہ وہ کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔

اخبارکے مطابق اس سے پہلے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سابق امریکی صدور نے اہم کردار کیا مگر ٹرمپ انتظامیہ نے کشیدگی میں کمی سے متعلق اس وقت بیان دینے سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں خاتمے کے لیے ٹرمپ کا بطور ثالث کردار نظر نہیں آتا، تجارتی مفادات سامنے رکھ کر ٹرمپ نے امریکا کا جھکاؤ پاکستان کے خلاف اور بھارت کی جانب کر دیا ہے۔