ایرانی گارڈز کا اغوا مشترکہ دشمن کی کارروائی ہے، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 18 October,2018 10:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون، پاک ایران سرحد پر 16 اکتوبر کو ایرانی گارڈز کے اغوا سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے گارڈز کے اغوا کو دشمن کی کارروائی قرار دیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران سرحد پر امن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر بات کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پاک ایران سرحد پر ایرانی گارڈز کے لاپتہ ہونے کے واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایرانی گارڈز کی تلاش کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سلسلے میں ایرانی ملٹری اور خفیہ اداروں سے بھی تعاون جاری ہے۔ دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری نے بھی ہاٹ لائن پر رابطہ کیا ہے۔ ایرانی گارڈز کی بازیابی کے لیے فضائی آپریشن کے ساتھ ساتھ سرحد پر فوجی بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی گارڈز کا اغوا مشترکہ دشمن کی کارروائی ہے، دشمن ہمارے قریبی اور دوستانہ تعلقات سے نالاں ہے، پاکستان کسی کو بھی ان تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ایران کے ساتھ امن اور دوستی پر مبنی تعلقات کو ہرقیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سرحد پر امن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔