تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے ایک مرتبہ پھر ٹرمپ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیرہ احمر اب محفوظ نہیں رہا، امریکا جان لے یہ جنگ آپ کو تباہ کر دے گی اور جنگ کا آغاز آپ نے کیا تو اختتام ہم کریں گے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو خطرات سے دوچار کرنے کیلیے دھمکی آمیز بیانات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے ایک مرتبہ پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو براہ راست دھمکی دے دی ہے۔
جنرل قاسم سلیمانی نے ایک تقریر میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو ایرانی عوام اور ہماری جمہوریہ کے صدر کی توہین کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ آپ خطے میں ہماری طاقت اور غیر روایتی جنگ میں صلاحیت کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں، ہم اقدام کریں گے اور ہم کام کریں گے۔ جنرل قاسم نے مزید کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو امریکاکے پاس جو کچھ ہے ایران اسے تباہ کر دیگا۔