طالبعلم کا امتحان گاہ پہنچنے کا انوکھا طریقہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 17 February,2025 08:47 am

مہاراشٹر: (ویب ڈیسک) بھارت میں طالبعلم نے امتحان گاہ پہنچنے کا انوکھا طریقہ اختیار کر کے سب کو حیران کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ایک ضلع کے نوجوان سمرتھ مہانگاڈے نے امتحانات کے دوران ٹریفک جام سے بچنے کیلئے ایسا زبردست حل نکالا جسے دیکھ کر سب حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

بھارتی طالب علم سمرتھ مہانگاڈے جو اپنے امتحان کے دن کسی کام کے سلسلے میں دوسرے ضلع میں موجود تھا، جب اس نے دیکھا کہ پرچہ شروع ہونے میں صرف 15 سے 20 منٹ کا وقت باقی رہ گیا ہے اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔

نوجوان نے اس کا متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے زمین کے بجائے آسمان سے اپنی امتحان گاہ جانے کا فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سمرتھ اپنے کالج بیگ کے ساتھ آسمان میں پرواز کرتے ہوئے پیرا گلائیڈنگ کے ذریعے حیران کن انداز میں امتحانی مرکز پہنچ رہا ہے، یہ سب ایک معروف ایڈونچر سپورٹس انسٹرکٹر گووند ییوالے کی مدد سے ممکن ہوا، جنہوں نے نہ صرف پیراگلائیڈنگ کا انتظام کیا بلکہ سمرتھ کو بالکل صحیح وقت پر امتحانی مرکز کے قریب اُتار بھی دیا۔

انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو نے صارفین کی کافی توجہ حاصل کی ہے۔

کچھ لوگوں نے سمرتھ کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے جبکہ کچھ لوگوں نے اسے ٹام کروز قرار دیتے ہوئے اس کا مذاق اڑایا۔