جے پور:(ویب ڈیسک ) بھارتی سیاحتی علاقے جے پور کے امر قلعہ میں مصری خاتون سیاح کو سواری کرتے ہوئے بدمست ہاتھی نے گرا کر زخمی کردیا ، بے لگام ہاتھی کو قابو کرنے والے موقع پر موجود بھی دو افراد زخمی ہو گئے۔
بدمست ہاتھی کے اس حملے کی ویڈیو وہاں پر موجود ایک سیاح نے بنا کر وائرل کردی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ بدمست ہاتھی اپنے پر سوار مصری خاتون کو پہلے اچھالتے ہوئے ہوا میں گھومتا اورگراتا ہے ،اس کے بعد پچھلی ٹانگ سے اس سیاح خاتون پر حملہ کرتا ہے۔
حملےکے دوان ہاتھی کا مالک ہاتھی کی اگلی ٹانگ پکڑ کر اسے قابو کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ناکام رہتا ہے، وہاں پر موجود مزید دو افراد بھی ہاتھی کو قابو کرنے اور زخمی مصری خاتون سیاح کو بچاتے ہوئے زخمی ہوئے۔
زخمی خاتون سیاح کو فوری طور پر مقامی ہسپتال میں علاج کے لئے منتقل کردیا گیا ، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے بھارت میں ہاتھیوں کے حملوں میں ایک اندازے کے مطابق 400افراد سالانہ اپنی زندگیاں ہار جاتے ہیں ، جس پر تاحال حکومتی سطح پر کوئی موثر اقدام نہیں کیا گیا۔