ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی ایک کیڑے مار دوا تیار کرنے والی کمپنی کی جانب سے مارے جانے والے کیڑے مکوڑوں کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جاپان کی پیسٹی سائیڈ بنانے والی کمپنی ارتھ کارپوریشن ہر سال جاپان کے شہر اکو سٹی کے میوڈوجی ٹیمپل میں ان کھٹملوں اور کیڑے مکوڑوں کے وجود کو اعلیٰ و ارفع مانتے ہوئے ان کی یاد میں تقریب منعقد کرتی ہے، جنہوں نے تحقیقی مقاصد کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔
گزشتہ ماہ کمپنی کے 60 سے زیادہ ملازمین نے ان کیڑے مکوڑوں کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کی جس کی قیادت تاؤ مذہب کے پجاری نے کی، اس موقع پر درجنوں مردہ مچھروں، چچڑی، مکھیوں، کاکروچز اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی تصاویر کو سامنے رکھا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ ارتھ کارپوریشن اپنے لیے یہ اعزاز سمجھتی ہے کہ وہ جاپان بھر میں کیڑے مار دوا بنانے والی نمبر ایک کمپنی ہے، یہ حیثیت کمپنی نے عشروں کے دوران اپنی تحقیق و تجربات کے ذریعے حاصل کی ہے۔
اپنی پراڈکٹس کی افادیت کو جانچنے کیلئے کمپنی مختلف قسم کے کیڑے مکوڑوں پر اکو سٹی میں واقع اپنی ریسرچ گاہ میں تجربہ کرتی رہتی ہے جس کے دوران ان میں کچھ کیڑے مکوڑے مرجاتے ہیں، کمپنی نہ صرف ان کیڑے مکوڑوں کی یادگاری تقریب منعقد کرتی ہے بلکہ انکی بریڈنگ بھی کرتی ہے تاکہ انکی قربانیاں رائیگاں نہ جائے۔