لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں کتوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایک ملازم کے اشتہار پر چند دنوں میں تین ہزار سے زائد درخواستیں دی گئی ہیں، اس کی وجہ 127,000 ڈالر ہے جو پاکستانی روپوں میں تین کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔
’فیئرفیکس اینڈ کینسنگٹن‘ نامی کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے ایک ملازمت کا اشتہار دیا ہے جسے چند دنوں بعد ہٹانا کرنا پڑا کیونکہ فی گھنٹہ سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
ملازم کے ذمے ’ڈاگ نینی‘ کا کام تھا جس میں ایک گھر میں رہتے ہوئے پالتو کتوں کا ہر ممکن خیال رکھنا تھا، تاہم اس کا معاوضہ بہت زیادہ دیا جا رہا تھا اور اسی وجہ سے لوگوں نے دھڑا دھڑ درخواستیں دی ہیں، ملازم کے ذمے دو کتوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری ہوگی۔
ملازمت کے متن میں یہ بھی لکھا تھا کہ ایک ایسے ماہر کی ضرورت ہے جو کتوں کو پالنے کے تجربات رکھتا ہو، وہ جانوروں کی خوراک، دیکھ بھال، ورزش، تحفظ اور مجموعی صحت کا ذمے دار بھی ہوگا، ڈاکٹروں کے پاس لے جانا، معمولات کے چیک اپ اور ویکسین لگوانا بھی ملازمت کا حصہ ہے۔
سب سے بڑھ کر یہ کتے اہلِ خانہ کے ساتھ بیرونی دوروں پر بھی جائیں گے اور ملازم ان کے ساتھ ہی سفر کرے گا تاکہ سفر کی تھکان اور تناؤ میں کتوں کو مطمئن رکھا جاسکے۔
ماہرین کے مطابق اتنی تنخواہ تو مغرب میں کتوں کے بہترین ڈاکٹر بھی نہیں کما سکتے جو ایک ملازم کو دی جا رہی ہے، اسی لئے اب کمپنی نے مزید درخواستوں کو روک دیا ہے اور حتمی ملازم کا انتخابی عمل شروع ہوچکا ہے۔