لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے مشہور میوزک میلے میں بھوکے شرکا کی بھوک مٹانے کیلئے اب اڑن لباس (جیٹ پیک) کے حامل کارکن پیزا فراہم کر رہے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کا جمِ غفیر کھلے میدان میں گھاس پر بیٹھ کر میوزک سنتا ہے اور اس رش سے نکل کر کھانے پینے میں دقت پیش آتی ہے۔
ڈومینو پیزا کے کارکنوں نے فیسٹیول سے پہلے ہی اس کی مشق کی تھی اور اب وہ 21 جون سے شروع ہونے والے میلے میں پیزا پہنچا رہے ہیں، اس منظر کو دیکھ کر شرکاء نے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ڈومینو پیزا کے ترجمان سیم وِلسن نے کہا ہے کہ میلے میں جگہ جگہ سے آرڈر ملتے رہتے ہیں اور پیدل چل کر ہر ایک تک بروقت کھانا پہنچانا ممکن نہیں رہتا، اسی وجہ سے ہم نے جدید جیٹ پیکرز کو آزمایا ہے، ہمارے راکٹ مین، لوگوں کے خیموں تک جا کر انہیں کھانا پہنچا رہے ہیں۔
اس موقع پر جیٹ پیک فراہم کرنے والی کمپنی نے بھی کہا کہ گرما گرم پیزا کو اڑن لباس کے ذریعے ڈلیوری کا خیال ہمیں کبھی نہیں آیا لیکن اب اس پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔