ٹری ٹرمر نے دو دن سے درخت میں پھنسی بلی کو بچا لیا

Published On 20 February,2023 07:39 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانیہ میں جانوروں کو ریسکیو کرنے والی ایک تنطیم ( آر ایس پی سی اے ) نے ٹری ٹرمنگ سروس ( درختوں کی کانٹ چھانٹ کرنے والی سروس ) کی مدد لے کر دو دن سے درخت میں پھنسی ہوئی بلی کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔

آر ایس پی سی اے کے حکام کے مطابق بلی کے مالکان اسے درخت سے اتارنے کے لئے کافی دیر تک کوششیں کرتے رہے مگر وہ ناکام رہے جس کے بعد انہوں نے تنظیم سے رابطہ کیا، تنظیم کے افسر نے موجودہ مقام پر پہنچ کر مدد کے لیے مقامی فائر فائٹرز سے رابطہ کیا لیکن محکمہ کے پاس بلی تک پہنچنے کے لئے مناسب سامان نہیں تھا۔

حکام نے بتایا کہ افسر نے ٹری ٹرمنگ سروس سے رابطہ کیا جس کے بعد انہوں نے درختوں کو تراشنے والے تین ورکرز اور مطلوبہ سامان موقع پر پہنچایا، بلی کو بچانے کا سب سے محفوظ طریقہ اسے واپس نیچے لے آنا تھا، شکر ہے کہ ٹرمنگ سروس کے ماہر اتنے قابل تھے کہ وہ بلی کو بحفاظت نیچے لے آئے۔

بلی کے مالکان نے اس کامیاب آپریشن پر تنظیم اور ٹری ٹرمنگ سروس کے ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور بلی کو صحیح سلامت اپنے ساتھ واپس گھر لے جاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ 

واضح رہے کہ آر ایس پی سی اے ایک خیراتی ادارہ ہے جو انگلینڈ اور ویلز میں جانوروں کی بہبود کو فروغ دینے کیلئے کام کرتا ہے جبکہ ادارے کو بنیادی طور پر رضاکارانہ عطیات سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔