زلزلے میں پیدا ہونے والا زلزلے میں ہی دنیا سے رخصت

Published On 19 February,2023 01:23 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) 1999 میں ترکیہ کے زلزلے میں دنیا میں آنے والا شخص 2023 کے زلزلے میں دنیا کو خیرباد کہہ گیا۔

ترک میڈیا سے گفتگو میں عثمان انیس کی والدہ نے بیٹے کی اس مختصر زندگی سے متعلق بتایا اور یہ انکشاف کیا کہ عثمان کی پیدائش 1999 میں ترک شہر غازی انتیپ میں ہوئی تھی، جس دوران زلزلہ آیا ہوا تھا اور اب 2023 میں عثمان ترکی کے جنوب میں واقع شہر نوردگی میں آنے والے زلزلے میں جان کی بازی ہار گیا۔

عثمان کی والدہ آسیے باس ترک نے 6 فروری کی اس رات کے بارے میں بتایا جو ان کی زندگی کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنی۔

انہوں نے کہا کہ  میری اس رات آنکھ کھلی تو سب کچھ زور زور سے ہل رہا تھا، میں نے فوراً ہی اپنے شوہر کو اٹھایا اور انہیں دیوار کے ساتھ لگایا، جیسے ہی میں اپنے بچوں کی جانب بڑھی تو میرے اوپر چھت گر گئی ۔

آسیے باس ترک کے مطابق جس رات 7.7 کا زلزلے آیا اس رات میرا بڑا بیٹا عثمان اپنے بھائی امیرحان کے ساتھ ایک ہی کمرے میں سو رہا تھا، لیکن قدرت نے اس کی زندگی اتنی ہی لکھی تھی۔

عثمان کی والدہ نے بتایا کہ  میرا بیٹا بہت ہی ہمت والا تھا، وہ ایک پہاڑ کی مانند تھا، میں نے سوچا کے عثمان اپنے بھائی کو بچا لےگا، میرے بیٹے نے اپنے بھائی کے گرد خود کو کھڑا کر دیا لیکن وہ خود اپنے آپ کو نہ بچا سکا ۔

انہوں نے کہا کہ عثمان نے اپنے بھائی کو ملبے سے نکلنے میں مدد کی، لیکن وہ خود ملبے کے نیچے سے باہر نہ آسکا، عثمان زلزلے میں پیدا ہوا اور زلزلے میں مر گیا، میرا دل جل رہا ہے۔

امیرحان کی گفتگو
عثمان کے چھوٹے بھائی امیرحان نے بتایا کہ  جس رات زلزلہ آیا، ہم دونوں ایک دوسرے سے چمٹ گئے، وہ بہت خوفناک منظر تھا، میں کچھ وقت کے لیے بے ہوش بھی ہوا، میں نے عمارت گرنے کی آواز سنی، میرا بھائی میرے ساتھ ہی لیٹا رہا ۔

امیرحان کے مطابق میرے والد کی باہر سے آوازیں آرہی تھیں، میری والدہ بھی مسلسل کچھ کہہ رہی تھیں، میں نے والدہ کو آواز دی تو انہوں نے جواب دیا، پھر انہوں نے بھائی کے بارے میں پوچھا جس پر میں نے کہا کہ مجھے ان کی آواز نہیں آ رہی۔

عثمان کے بھائی نے بتایا کہ اسے عثمان نے نکلنے میں مدد کی اور خود ملبے تلے دبا رہ گیا اور جان کی بازی ہار گیا۔