مسلسل 24 گھنٹے کنسرٹ پیش کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

Published On 19 February,2023 11:17 am

اسکاٹ لینڈ: (ویب ڈیسک) گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ہرعمر کے فنکاروں اور گلوکاروں پر مشتمل ایک گروہ نے مسلسل 24 گھنٹے تک کنسرٹ پیش کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

اسکاٹ لینڈ نے اس ضمن میں ’24 گھنٹے کا نغمہ‘ نامی ایک کنسرٹ پیش کیا جو ڈیون بلین تھیٹر گروپ نے پیش کیا تھا، یہ گروہ فروری 2022 میں دنیا کا تیز رفتار ترین تھیٹر پروڈکشن پیش کر چکا ہے۔

اب ہر عمر کے لگ بھگ 100 فنکاروں نے مسلسل 24 گھنٹے تک نہ رکنے والا مسلسل کنسرٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد ایک اہم کام کے لیے رقم جمع کرنا تھا۔

کنسرٹ کی ہدایتکار نے بتایا کہ 24 گھنٹے تک گلوکاری کرنا کوئی آسان کام نہیں لیکن محنتی اور باہمت افراد نے گلوکاری کا یہ میراتھن پیش کیا ہے۔

شام سات بجے یہ کنسرٹ شروع ہوا اور اگلے روز شام سات بجے اختتام پذیر ہوا تھا، تمام شرکا کو بلامعاوضہ شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان سے عطیہ دینے کو تو ضرور کہا گیا تھا اور لوگوں نے دل کھول کر عطیات بھی دیئے۔ تاہم لوگوں کی بڑی تعداد نے آن لائن عطیات بھی دیئے۔