انسانوں کے بعد بندر بھی کئی ایکڑ زمین کے مالک نکلے

Published On 21 October,2022 09:15 am

لاہور: (ویب ڈیسک)آج کے دور میں جب لوگوں کے درمیان زمینی تنازعات عام ہیں وہیں ایک ایسا گاؤں بھی ہے جہاں انسانوں کے ساتھ بندر بھی کئی ایکڑ زمین کے مالک ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع عثمان آباد کے گاؤں اُپلا میں بندروں کو 32 ایکڑ زمین ان کے نام پر رجسٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اُپلا گاؤں کے لوگ بندروں کو کافی عزت دیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی وہ ان کے گھر کی دہلیز پر آتے ہیں تو وہ انہیں کھانا بھی کھلاتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گاؤں میں پنچایت کے پاس ملے زمینی ریکارڈ میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ 32 ایکڑ زمین گاؤں میں رہنے والے تمام بندروں کے نام ہے، اگرچہ دستاویزات میں یہ واضح نہیں ہے کہ بندروں کے لئے یہ انتظام کس نے کیا اور کب کیا گیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں گاؤں میں جب بھی شادیاں ہوتی تھیں تو سب سے پہلے بندروں کو تحفہ دیا جاتا تھا اور اس کے بعد ہی تقریب شروع ہوتی تھی، گاؤں میں اب تقریباً 100 بندر موجود ہیں، بندروں کے لئے مختص 32 ایکڑ کی زمین پر محکمہ جنگلات کی جانب سے کاشت کاری کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے ضلع بناسکنٹھا کے گاؤں کُشکل میں آوارہ کتوں کے لئے ایک انوکھا نظام قائم ہے جس کے مطابق تقریباً 12 ایکڑ سے زائد زرعی زمین خاص طور پر آوارہ کتوں کے لئے مختص ہے۔