چترال : 'ملزم' گدھوں کی عدالت میں پیشی

Published On 20 October,2022 06:58 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹمبر مافیا کی مدد کرنے کے الزام میں گدھوں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی عدالتوں میں انسان پیش ہوتے رہتے ہیں لیکن آج ایک عدالت میں گدھوں کو بھی پیش کیا گیا ہے، ان گدھوں پر الزام تھا کہ یہ سہولت کار کے طور پر استعمال ہوئے ہیں یا یہ مال مقدمہ کا حصہ تھے اس بارے میں سوالات سامنے آئے ہیں۔

اسسٹسنٹ کمشنر دروش ضلع چترال کی عدالت میں یہ گدھوں کو بطور ملزم پیش کیا گیا جو کہ بنیادی طور پر ٹمبر سمگلنگ کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ چترال اور دیگر شمالی علاقوں میں ٹمبر کی سمگلنگ کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں اور حکومت کوشش کرتی ہے کہ اس سمگلنگ کو روکا جا سکے لیکن ٹمبر کے جنگلات تیزی سے ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر دروش توصیف اللہ کی عدالت میں پانچ گدھے پیش کیے گئے، ان گدھوں پر یہ الزام تھا کہ یہ چترال کے علاقے دروش میں ٹمبر کی سمگلنگ میں ملوث تھے، اسسٹنٹ کمشنر نے ان پانچ گدھوں کو ٹمبر سمگلنگ کیس میں مال مقدمہ کے طور پر طلب کیا تھا اور اطمینان کے بعد گدھے اور ٹمبر کے سلیپر محکمہ جنگلات کے حکام کے حوالے کر دیا۔

اے سی چترال نے بتایا کہ یہ گدھے آج مجسٹریٹ کی عدالت میں اس لیے پیش کیے گئے تاکہ یہ اطمینان کیا جا سکے کے گدھے بحفاظت موجود ہیں اور یہ کہ انہیں کسی اور کے حوالے نہیں کیا اور یہ کہ کہیں وہ دوبارہ سمگلنگ میں استعمال نہیں ہو رہے، عدالت نے یہ اطمینان کیا کہ گدھے متعلقہ حکام کی تحویل میں ہی ہیں۔