کلاس روم کی کمی، اردو اور ہندی کیلئے بیک وقت ایک ہی بلیک بورڈ کا استعمال

Published On 18 May,2022 05:36 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) مودی کے دیس میں کلاس رومز کی کمی نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی، ریاست بہار کے سکول میں اردو اور ہندی پڑھانے کے لئے اساتذہ بیک وقت ایک ہی بلیک بورڈ استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے کٹیہار کے ایک سکول کے کلاس روم میں انوکھا انتظام کیا گیا ، آدرش مڈل سکول کی اسسٹنٹ ٹیچر کماری پرینکا نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اردو پرائمری سکول کو 2017 میں واپس آدرش سکول میں منتقل کردیا گیا تھا، اس لیے ہندی اور اردو دونوں ایک ہی کلاس روم میں پڑھائی جاتی ہیں، دونوں زبانوں کے اسباق ایک ساتھ دو اساتذہ کے ذریعہ ہو رہے ہیں۔ ایک اور استاد بچوں کے گروپ میں نظم و ضبط برقرار رکھنے موجود ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کماری پرینکا نے مزید کہا کہ بلیک بورڈ کے ایک آدھے حصے پر ہندی اور دوسرے آدھے حصے پر اردو بیک وقت پڑھائی جاتی ہے، ہمارے سکول میں کافی کلاس رومز نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم طلباء کو ایک ہی کمرے میں پڑھاتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کامیشور گپتا نے کہا کہ اگر آدرش مڈل سکول میں طلبہ کا داخلہ کم ہے تو اردو پرائمری سکول کو ایک کلاس روم دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات نہیں ہے کہ ایک ہی کمرے میں ایک ہی بلیک بورڈ پر مختلف کلاسوں کے بچوں کو پڑھایا جائے۔