انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی سے ایک دلچسپ خبر نے سب کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے جہاں پر شادی والے دن جوڈو کا میچ ہواجس میں دلہن نے بلیک بیلٹ ہولڈر دلہے کو شکست دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک نیشنل جوڈو ٹیم کی 23 سالہ کھلاڑی عمران سہبل اور نیشنل جوڈو ٹیم کے کوچ اور بلیک بیلٹ ہولڈر طلحہ انیس نے شادی والے دن تقریب سے کچھ وقت قبل ایک جوڈو کا میچ کھیلا۔
رپورٹس کے مطابق عروسی سوٹ کے اوپر جوڈو کا لباس پہنی دلہن نے اپنے ہونے والے شوہر طلحہ کو زمین پر پٹخ کر شکست دی۔ حاضرین نے تالیاں بجا کر دونوں کو داد دی جس کے بعد جوڑے کی شادی کی تقریب ہوئی۔
دلہے کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک طویل عرصے سے ساتھ رہے ہیں۔ اس دوران ہم نے کئی میچز میں حصہ لیا لہٰذا ہم یہاں حاضرین کو اپنا تعارف کروانے کے غرض سے یہ میچ کھیل رہے ہیں۔
دلہن نے کہا کہ ہم نے ایک طویل عرصے سے اس طرح کی منصوبہ بندی کی تھی کیونکہ ہم ایک ہی کھیل سے وابستہ ہیں، ہم نے ایک نمائشی میچ کھیلا۔ یہ بہت خوبصورت تھا تاہم یہ شادی کے لباس کے ساتھ مشکل تھا لیکن ہم نے پھر بھی اچھا کیا۔