کراچی میں قرآنی آیات، اسم اعظم اور اسماء الحسنیٰ سے مزین خوبصورت فن پاروں کی نمائش

Published On 03 April,2022 10:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رمضان المبارک کی مناسبت سے اسلامی خطاطی کی نمائش کا افتتاح ہو گیا، قرآنی آیات، اسم اعظم اور اسماالحسنیٰ کو انتہائی خوبصورتی سے کینوس پر اتارا گیا۔

اسلامی خطاطی کی تاریخ سیکڑوں برس پرانی ہے مگر یہ آج بھی زندہ و جاوید ہے اور رہتی دنیا تک باقی رہے گی، اس کا سہرہ اسلامی دنیا کے ان عظیم الشان خطاطوں کو جاتا ہے جنہوں نے قرآن پاک کو محفوظ کرنے کے لیے قرآنی آیات کی خطاطی کا سلسلہ شروع کیا، دور حاضر کے نوجوانوں میں اسلامی خطاطی میں دلچسپی اجاگر کرنے کیلئے کراچی میں اسلامی خطاطی کی دیدہ زیب نمائش جاری ہے۔

قدرت کے عطا کردہ خوبصورت رنگ کائنات میں جا بجا پھیلے ہیں، انہی شوخ اور زندگی سے بھرپور رنگوں کو اسلامی خطاطی کے لیے منفرد انداز میں ان فن پاروں میں استعمال کیا گیا ہے۔ خطاطوں نے فونٹس اور موٹیوز کو مہارت سے کینوس پر اتارا۔ کینوس پر جابجا قرآنی آیات اور اسم اعظم کو اس طرح لکھا گیا جنہوں نے لینڈ اسکیپ کا روپ دھار لیا۔

فنکاروانہ صلاحیتوں کی حیران کن مہارت نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ خطاطوں نے ملک میں اسلامی خطاطی کے فروغ کیلئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسلامی تہذیب و ثقافت میں فن خطاطی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ خطاطوں اور مصوروں نے ہر دور میں اس فن کے ذریعے اسلامی تہذیب و ثقافت کی آبیاری کے لیے اہم کردار ادا کیا۔