بارات دیر سے لانا دلہا والوں کو مہنگا پڑ گیا، دلہن تھانے پہنچ گئی

Published On 28 March,2022 11:05 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) دنیا میں آئے روز ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں کہ جن کے بارے جان کر انسانی عقل دنگ رہ جائے، بھارت ایسا ملک ہے جس کو عجیب و غریب واقعات کی وجہ سے سرفہرست کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، ایسا ہی ایک واقعہ ریاست بہار میں پیش آیا جہاں پر بارات دیر سے لانے پر دلہن دلہا والوں کیخلاف تھانے پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے علاقے دھن آباد میں شادی کے لیے وقت پر نہ پہنچنے والے دلہے کے خلاف اس کی ہونے والی دلہن نے مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانے کا رخ کر لیا۔

اس واقعے سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال پہلے بھی دلہے نے تاریخ طے ہونے کے بعد شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن اپنے دلہے کا انتظار کرتی رہی لیکن وہ نہیں آیا، جب انتظار کی برداشت ختم ہوئی تو دلہن دلہے کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے لیے تھانے چلی گئی۔

تاہم دونوں کی شادی ایک مرتبہ پھر طے ہوئی اور یہ ایسی پہلی شادی تھی جس کا معاہدہ دھن آباد کے خواتین پولیس سٹیشن میں ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لڑکی والے دلہا والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے والے ہی تھے کہ اس دوران دلہا بارات سمیت پہنچ گیا جس کے بعد اسی رات ان کی شادی ہوئی۔

معاہدے میں پولیس کے سامنے لڑکے نے 25 مارچ کو شادی کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا اسی رضامندی پر لڑکی اور اس کے گھر والے پوری تیاری کے ساتھ دھن آباد آئے لیکن جب لڑکا شادی کے لئے نہیں پہنچا تو لڑکی کے گھر والے پولیس سٹیشن پہنچ گئے۔