14 خواتین سے شادی کرنیوالا شخص گرفتار

Published On 15 February,2022 09:06 pm

بھوبنیشور:(ویب ڈیسک) 48 سال کے عرصے میں بھارت کی 7 ریاستوں میں 14 خواتین سے مبینہ طور پر شادی کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڑیسہ کے کیندرپارا ضلع کے پٹکورا پولیس سٹیشن کے تحت ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے شخص کو 14 خواتین سے شادی کرنے کی بنا پر گرفتار کیا گیا تاہم اس شخص نے ان الزامات کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی اور 2002 میں اس نے دوسری شادی کی تھی۔

بھارتی ریاست بھوبنیشور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس اوماشنکر داش نے بتایا کہ ان دونوں شادیوں سے اس کے پانچ بچے پیدا ہوئے، 2002 اور 2020 کے درمیان اس نے ازدواجی تعلق قائم کرنے والی ویب سائٹ کے ذریعے دوسری عورتوں سے دوستی کی اور دوسری بیویوں کے علم کے بغیر ان سے شادی کی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ یہ شخص اڑیسہ کے دارالحکومت میں اپنی آخری بیوی کے ساتھ رہ رہا تھا جو دہلی میں سکول ٹیچر تھی،ملزم کی اس بیوی کوشوہر کی سابقہ شادیوں کا علم ہوا اور اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی جس کے بعد اس شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزم کے طریقہ کار پر ڈی سی پی نے کہا کہ وہ درمیانی عمر کی اکیلی خواتین کو نشانہ بناتا تھا، زیادہ تر طلاق یافتہ خواتین جو ویب سائٹس پر تعلق کی کوشش کرتی تھیں، بعد میں وہ انہیں چھوڑنے سے پہلے ان کے پیسے اینٹھ لیتا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق پیرا ملٹری فورس میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی اس کے متاثرین میں شامل تھی جبکہ اس نے دہلی، پنجاب، آسام، جھاڑکھنڈ اور اڑیسہ سمیت 7 ریاستوں میں خواتین کو دھوکہ دیا ہے۔