ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ایک 90 سالہ خاتون نے ریکارڈ قائم کر دیا ہے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے انہیں عمررسیدہ خاتون منتظم (آفس منیجر) کا اعزاز دیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ خاتون ایک طویل عرصے سے اس ادارے سے وابستہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یاسوکی تاماکی نے گزشتہ ماہ کی 15 تاریخ کو اپنی 91ویں سالگرہ منائی ہے۔ اسی کمپنی میں 1956 سے وابستہ ہیں۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کی سب سے عمررسیدہ آفس منیجر ہیں۔ اب بھی وہ ہفتے میں 5 دفعہ دفترآتی ہیں اور روزانہ ساڑھے 7 گھنٹے اپنی کمپنی ’سن کو‘ انڈسٹری میں کام کرتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق وہ کمپنی میں قدرتی انداز سے آگے بڑھتی رہیں اور معاملات خوش اسلوبی سے چلتے رہے لیکن ان کی ایک اور خاصیت یہ ہے کہ لوگوں کو ہر حالت میں مسرور اور مطمئن رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے سرٹیفکیٹ لیتے وقت خاتون کا کہنا تھا کہ میں اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار نہیں کرسکتی۔ میں ہمیشہ سے یہی سوچتی رہتی ہوں کہ میں لوگوں کی مدد کرنے کے لیے پیدا ہوئی ہوں۔ تو میں نے کوشش کی کہ دفتری عملے، منیجرز اور چیئرمین کو خوش اور مسرور رکھ سکوں۔ یہی میرا بقیہ زندگی کا مقصد بھی ہوگا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی ریٹائر نہیں ہونا چاہتیں اور نہ ہی اس کا کوئی ارادہ ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ایک کے بعد دوسرا سال آجاتا ہے اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔