اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور جاپان نے کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق اور جاپان کے سفیر متسدا کیننوری کے درمیان ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
امین الحق نے جاپانی سفیر سے دوران گفتگو کہا کہ ملک میں آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اس کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، جاپانی کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں آئی ٹی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزارت آئی ٹی ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔