اطالوی کھانوں کے ذوق نے خطرناک مافیا لیڈر کو گرفتار کروادیا

Published On 30 March,2021 05:09 pm

روم: (ویب ڈیسک) اٹلی سے ایک انوکھی خبر آئی ہے جہاں پر اطالوی کھانے کے ذوق نے انتہائی خطرناک مافیا لیڈر کو گرفتار کروا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی پولیس نے انتہائی خطرناک منظم جرائم پیشہ تنظیم ایندرینگیٹا کے اہم لیڈر کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ان کی گرفتاری ایک کوکنگ شو کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ گرفتار ہونے والے مافیا لیڈر کا نام مارک فیرین کلاؤڈ بیارٹ ہے اور ان کی عمر 53 برس ہے۔ وہ چند سال سال قبل اٹلی سے فرار ہو کر پہلے لاطینی امریکی ملک میں روپوشی کی زندگی بسر کرتے رہے۔ کلاؤڈ بیارٹ 5 سال قبل ہی کیریبییئن خطے کے ملک ڈومینیک ریپبلک پہنچے تھے۔

مارک نفیرین کلاؤڈ بیارٹ نے یُو ٹیوب پر کُوکنک کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے رہے، جو ان کی فوری گرفتاری کی وجہ بنی وہ کوسٹا ریکا سے ڈومینیک ریپبلک پانچ سال قبل منتقل ہوئے تھے۔ وہ روپوشی کے ایام میں نقل و حرکت کو محتاط انداز میں خفیہ رکھتے تھے۔ان کو ڈومینیک ریپبلک کے قصبے بوکا چیکا میں حراست میں لیا گیا۔

یُوٹیوب پر کوکنگ چینل انہوں نے اپنی بیوی کے تعاون سے قائم کیا تھا۔ وہ اس چینل پر صارفین کے لیے اطالوی کھانوں کی تراکیب پیش رتے تھے۔ ان کا چہرہ ویڈیوز میں دکھائی نہیں دیتا تھا لیکن اطالوی پولیس نے انہیں بازوؤں اور جسم پر بنے ٹیٹو سے پہچانا ہے۔ پولیس کا بھی کہنا ہے کہ ان کا اطالوی کھانوں کا ذوق ہی گرفتاری میں مددگار ثابت ہوا۔

گزشتہ ہفتے بوکا چیکا میں گرفتاری کے بعد مشتبہ ملزم کلاؤڈ بیارٹ کو انتہائی سخت نگرانی میں اطالوی شہر میلان پہنچا دیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اٹلی کی منظم جرائم پیشہ اور انتہائی طاقتور تنظیم اندرینگیٹا کے لیے منشیات کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہیں۔ مافیا اٹلی کی طاقتور تنظیم قرار دی جاتی ہے۔

یورپی ملک پرتگال کے کلینک میں داخل اندرینگیٹا سے منسلک بڑے ملزم فرانسسکو پیلی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پرتگالی دارالحکومت لزبن کے کلینک میں فرانسسکو پیلی کورونا وائرس کے علاج کے لیے داخل تھے۔