پرانے گھر کا نیا ایڈریس، امریکا میں 139 سال پرانا گھر نئی جگہ شفٹ کر دیا گیا

Published On 22 February,2021 09:30 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں 139 سال پرانے گھر کے رہائشیوں‌ نے نئے گھر منتقل ہونے کی بجائے پورا گھر ہی اٹھا کر نئی جگہ منتقل کروا لیا جس پر اس کا ایڈریس بھی تبدیل ہو گیا۔

کنسٹرکشن ورکرز اور انجینئرز نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سان فرانسسکو کے 139 سال پرانے گھر کو نئی جگہ پر شفٹ کر دیا، اولڈ ہاؤس کو ٹرالے پر رکھ کر 6 بلاک دور پہنچایا گیا، اس سارے عمل پر چار لاکھ ڈالر خرچ آیا۔ اس سارے عمل کے دوران راستے میں آنے والے پارکنگ میٹرز اور ٹریفک سگنلز کو اپنی جگہ سے ہٹانا پڑا، درختوں کی شاخیں کاٹی گئیں جبکہ شہری انتظامیہ کی 15 ایجنسیوں سے پرمٹ لئے گئے۔

پرانے گھر کو نئی جگہ منتقل کرنے کے پلاننگ انچارج فل جوائے کا کہنا تھا کہ یہ کام اس لئے زیادہ مشکل تھا کیونکہ اتنے بڑے گھر کو اونچائی سے ڈھلوان کی طرف لے جانا تھا۔ جب گھر کو بڑے ٹرالے پر رکھ کر لے جایا جا رہا تھا تو راستے میں کھڑے سینکڑوں لوگوں نے اس حیران کن منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں وکٹوریہ ہاؤس کو فرینکلن اسٹریٹ سے فلٹن اسٹریٹ کا نیا ایڈریس دے دیا گیا۔