قاہرہ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ انوکھی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں تاہم ایک حیران خبر مصر سے آئی ہے جہاں پر دارالحکومت قاہرہ میں ایک شخص نے بیوی کو اپارٹمنٹ کی پانچویں منزل سے اس لیے نیچے پھینک دیا کیونکہ انہیں کورونا وائرس ہو گیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق 25 سالہ خاتون زندہ بچ گئی ہیں اور انہیں ہمسایوں نے ہسپتال پہنچایا جہاں ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کیا گیا جبکہ ان کے خاوند کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
اس آدمی نے پولیس کو بتایا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوتا رہتا تھا اور وہ ایک دوسرے سے علیحدہ ہونا چاہتے تھے اور یہ معاملہ اس وقت سنگین صورت حال اختیار کر گیا جب خاتون کورونا کی شکار ہو گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے متاثر ہونے کا خوف تھا۔ میری بیوی نے تین ٹیسٹ کروائے جو مثبت آئے اور جب میں نے گھر چھوڑنے کا کہا تو اس نے انکار کر دیا جس پر میں نے اسے دھکا دے دیا۔
حکام اب خاتون کے صحت یاب ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ ان کا بیان ریکارڈ کر سکیں۔
قاہرہ کے عین شمس یونیورسٹی ہسپتال کے ہڈیوں کے ڈاکٹر علی مزیاد کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مکمل طور پر تندرست ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ یہ واقعہ لا ک ڈاؤن کے دوران مصر سمیت دنیا بھر میں ہونے والے گھریلو تشدد کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماہر نفسیات نرمین جید کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ لوگ باہر نہیں جا سکتے اور گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک کشتی میں سوار ہیں اور ایک ان دیکھے دشمن کا سامنا کر رہے ہیں۔ لہٰذا ہمیں ان حالات میں مل جل کر رہنا ہوگا۔