کویت میں ساتھی اینکر کی تعریف کرنے پر خاتون میزبان کا پروگرام بند

Last Updated On 22 May,2018 04:50 pm

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کے نجی ٹی وی چینل کی لائیو ٹیلی کاسٹ کے دوران خاتون نیوز کاسٹر نے مرد اینکر کو خوبصورت کہہ دیا جس کی وجہ سے پروگرام کو بند کرنا پڑگیا۔ کویت کی وزارت اطلاعات نے خاتون اینکر کی اس گفتگو کو غیر اخلاقی قرار دے کر انہیں معطل کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق کویت میں میونسپل الیکشن کے دوران براہ راست نیوز بلیٹن میں خاتون نیوز کاسٹر اسٹوڈیو میں موجود تھیں جب کہ ان کے ساتھی اینکر فیلڈ میں تھے کہ اچانک کیمرہ ان پر فوکس ہوا، اس دوران وہ اپنے سر پر موجود روایتی صافہ کو درست کرنے میں مصروف تھا، جس پر خاتون نے بے ساختہ کہہ ڈالا کہ ’ تمہیں یہ کرنے کی ضرورت نہیں تم خوبصورت لگ رہے ہو‘۔

معطلی کے بعد خاتون اینکر کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ انہوں نے جو کہا وہ غیر معمولی بات نہیں تھی ، اکثر اوقات ہم ایک دوسرے کو ایسا کہتے ہیں کہ جب براہ راست نشریات کے دوران اچانک کسی اینکر پر کیمرا آجائے اور اس دوران وہ خود کو ٹھیک کرنے میں مصروف ہو، تو ایسا کہتے ہیں کہ آپ کو خود کو درست کرنے کی ضرورت نہیں، آپ اچھے لگ رہے ہو، جلدی سے ہمیں معلومات دو۔ دوسری جانب مرد اینکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کی جانب سے ایسا کوئی لفظ نہیں سنا اس لیے کسی قسم کا جواب بھی نہیں دیا، وہ دراصل اس وقت اپنے صافے کو ٹھیک نہیں کررہے تھے بلکہ ہیڈ فون کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کررہے تھے تاہم ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے اس بات کا علم ہوا