میٹا کی جانب سے فیس بک پر ’فرینڈز ٹیب‘ کا فیچر پیش

Published On 30 March,2025 01:01 pm

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) فیس بک پر صارفین کو دوستوں کا مواد زیادہ سے زیادہ دکھانے کیلئے ’فرینڈز ٹیب‘ پیش کر دیا گیا۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیس بک پر 27 مارچ سے ’فرینڈز ٹیب‘ کا فیچر پیش کر دیا گیا، تاہم فوری طور پر اس تک صرف امریکا اور کینیڈا کے صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔

مذکورہ فیچر تک ترتیب وار دیگر ممالک کے صارفین کو بھی رسائی دی جائے گی اور اس کے تحت صارفین خصوصی طور پر صرف دوستوں کا مواد دیکھ سکیں گے۔

’فرینڈز ٹیب‘ کو فیس بک کے پرانے فیچر یا ٹیب ’فرینڈز رکیسٹ‘ سے تبدیل کیا گیا ہے، یعنی اب صارفین کو ’فرینڈز رکیسٹ‘ کا آپشن نظر نہیں آئے گا بلکہ وہاں صرف ’فرینڈز‘ لکھا نظر آئے گا، صارفین جیسے ہی ’فرینڈز‘ پر کلک کریں گے تو ان کے سامنے ایک نیا بار یا ٹیب کھل جائے گا، جہاں صرف اور صرف صارف کے دوستوں کا مواد دستیاب ہوگا۔

اسی فیچر میں ’فرینڈز رکیسٹس‘ میں بھی نظر آئیں گی جبکہ باقی فرینڈز کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹس، ویڈیوز یا دیگر مواد بھی نظر آئے گا، مذکورہ فیچر کو سیٹنگ میں جا کر پن بھی کیا جاسکے گا، جس کے بعد ’فرینڈز‘ ٹیب صارف کو سب سے اوپر بھی نظر آنے لگے گا۔

مذکورہ فیچر کو پیش کردیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر اس تک پاکستانی صارفین کو رسائی نہیں دی گئی لیکن ترتیب وار اس پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین کو بھی رسائی دے دی جائے گی۔