کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال اکتوبر کا مہینہ 'بریسٹ کینسر سے آگاہی' کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس ماہ کو منانے کا مقصد خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کر کے خواتین کی اموات کو روکنا ہے۔
اسی حوالے سے کراچی کے نجی ہسپتال کی جانب سے بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا۔ ہسپتال کی حدود میں ہونیوالی واک میں طلبہ و طالبات اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ ماہرین کی ٹیم نے چھاتی کے کینسر کے حوالے سے طالبات کو آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر پاکستان کی ماہر بریسٹ کینسر سرجن ڈاکٹر روفینہ سومرو نے بتایا کہ پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت خواتین میں چھاتی کے کینسر کا رجحان کافی زیادہ ہے جبکہ دوسرے ممالک میں یہ کینسر خواتین میں 50 یا 60 برس کی عمر کے بعد سامنے آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس مرض کی ابتدائی تشخیص نہ ہونا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جب تک تکلیف نہ ہو خواتین اس پر توجہ نہیں دیتیں۔ آگاہی کی کمی اور خواتین کا مرض کو چھپانا ابھی بھی ایک بڑا معاشرتی مسئلہ ہے۔