نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں 21 فیصد بچے کم وزنی کا شکار ہیں، اپنے قد کی مناسبت سے ان بچوں کا وزن انتہائی کم ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے مقابلے میں دنیا میں سب سے لاغر بچے جنگ زدہ جنوبی سوڈان میں پائے جاتے ہیں، یہ بات بھوک کے عالمی اشاریے میں سامنے آئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں ہر 5 میں سے ایک بچہ لاغر ہے یعنی اپنے قد کے حساب سے اْن کا وزن تشویشناک حد تک کم ہے۔
گلوبل ہنگر انڈیکس 2018 میں 119 ملکوں میں سے بھارت کا درجہ 103 ہے جہاں انسانوں میں بھوک کی حد کو سنگین قرار دیا گیا ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں بھارت کی درجہ بندی میں تین درجے کی کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھوک کی حد کا تعین کرنے کیلئے 4 اہم اشاریوں کو ملحوظ رکھا جاتا ہے جن میں ناکافی غذا، قد کے مقابلے میں کم وزن، عمر کے مقابلے میں کم قد کا ہونا اور پانچ سال سے کم عمر بچوں میں شرح اموات شامل ہے۔