ابو ظہبی میں گاڑیوں کےایندھن کی ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز

Last Updated On 05 April,2018 05:26 pm

ابو ظہبی : (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی تقسیم کار کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی تجرباتی طور پر ایک نئی سروس متعارف کروا رہی ہے۔ اس سروس کے ذریعے صارفین اپنے گھر یا گاڑی کی جگہ پر ایندھن حاصل کر سکیں گے۔

ابوظہبی میں ایندھن کی معروف تقسیم کار کمپنی ایڈنوک ڈسٹری بیوشن نے گاڑیوں کے لیے ایندھن کی ہوم ڈیلیوری سروس متعارف کروائی ہے۔ اس سروس سے کمپنی کے صارفین اضافی فیس کے عوض گھر بیٹھے یا اپنی گاڑی کی جگہ پر ایندھن کی مطلوبہ قسم حاصل کر سکیں گے۔

 

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اماراتی روزنامے "البیان " کاحوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایڈنوک ڈسٹری بیوشن کے چیف ایگزیکٹو انجینئر سعید مبارک الراشدی کا کہنا ہے کہ صارفین کو نئی خدمات کے ذریعے مطمئن کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی صارفین کو ایندھن فراہم کرنے کے حوالے سے زیادہ آپشنز سامنے لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ابتدائی طور پر اس سروس کو ابوظہبی میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس جدید سروس کی مقبولیت کو مد نظر رکھ کر مستقبل میں اسے پورے متحدہ عرب امارات میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس سروس کو "محطتی" کا نام دیا گیا ہے۔ اس سہولت سے سمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے مستفید ہوا جا سکتا ہے۔