العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دبئی میں پولیس کے محکمے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، جس کی بدولت قوانین کا اطلاق اور عوام کی حفاظت موثر انداز میں کی جا سکے گی۔ پولیس اہلکاروں کا کردار انتظامی ذمے داریوں اور دوسرے کاموں تک محدود کیا جارہا ہے۔ دبئی مستقبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے "پولیس اہلکاروں کے بغیر پولیس" کے نام سےایک نئے منصوبے کا آغازکیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پورے دبئی میں جنگلوں، باڑوں اور گھروں میں نئے کیمرے نصب کیے جارہے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ کھلی جگہوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی اور بروقت خبردار کرنے والانظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت پولیس کے پٹرولنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری امداد مہیا کی جا سکے۔
دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف جنرل عبداللہ المری کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تحفظ کی اعلیٰ سطح معیار کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس منصوبے کا مقصد دبئی کو دنیا کے تمام دوسرے شہروں سے دس سال آگے لے جانا ہے۔