کیرالہ: (ویب ڈیسک) بھارت کی سابق ورلڈ چیمپئن باکسر سویتی بورا نے پولیس سٹیشن میں اپنے شوہرکبڈی پلیئر دیپک نواس ہودا پر حملہ کر دیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں سابق ورلڈ چیمپئن باکسرکو اپنے شوہر پر حملہ آور ہوتے اور شور شرابہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، حملے کے وقت دیپک نواس ہودا کرسی پر بیٹھے رہے، اس دوران وہاں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میاں بیوی کے درمیان عدالت میں طلاق کا کیس چل رہا ہے۔
سویتی بورا نے شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ جہیز میں مہنگی کار دینے کے باوجود ان پر تشدد کیا گیا، سویتی بورا اور دیپک نواس ہودا کی شادی 2022 میں ہوئی تھی، سویتی بورا نے اپنے شوہرپر ایف آئی آر بھی درج کروا رکھی ہے۔
دیپک نواس ہودا بھی بھارت کے معروف کبڈی پلیئر رہ چکے ہیں۔
مذکورہ واقعے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تھانے میں تحقیقات کے دوران میری بیوی اور اس کے والد نے سخت زبان استعمال کرنا شروع کر دی، انہوں نے پولیس کی موجودگی میں مجھ پر حملہ کیا۔
پولیس کی جانب سے سویتی بورا اور ان کے والد مہندر سنگھ اور ماموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔