کراچی: ملیر جیل میں بھارتی قیدی کی مبینہ طور پر خودکشی

Published On 26 March,2025 10:45 pm

کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد کی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں بھارتی قیدی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

جیل انتظامیہ کے مطابق بھارتی قیدی گوروو ولد رام آنند جیل کے واش روم میں گیا اور پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

گوروو کو 17 فروری 2022 کو کراچی کے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ کی عدالت نے ڈسٹرکٹ پریزن اینڈ کریکشنل فیسلیٹی ملیر بھیجا تھا۔

25 مارچ 2025 کو گوروو نے بیرک کے باتھ روم میں رسی کے ذریعے خود کو پھانسی لگا دی، ڈیوٹی ڈاکٹر نے اسے معائنہ کرنے کے بعد صبح 2 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دیا۔

بعد ازاں، ڈیوٹی مجسٹریٹ نے موقع پر تفتیش مکمل کی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے تک لاش کو ایدھی کولڈ اسٹوریج سہراب گوٹھ میں رکھنے کا حکم دیا،واقعہ کے بعد جیل حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔