میڈریڈ : (ویب ڈیسک ) ڈیوس کپ فائنلز کے کوارٹر فائنل میچ میں فن لینڈ کی ٹیم چیمپئن کینیڈین ٹیم کو شکست دے کرپہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔
مارٹن کارپینا ایرینا، ملاگا ، سپین میں کھیلے گئے ڈیوس کپ فائنلز کے کوارٹر فائنل میچ میں فن لینڈ کے اوٹو ورٹانن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈین حریف کھلاڑی گیبریل ڈیالو کو مینز سنگلز مقابلے میں سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے شکست دی ۔
دوسرے مینز سنگلز مقابلے میں کینیڈین کھلاڑی میلوس راونک نے فن لینڈ کےپیٹرک کوکووالٹا کو 3-6 اور 5-7 سے مات دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
تاہم مینز ڈبلز مقابلوں میں فن لینڈ کے ہیری ہیلیووارا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار اوٹوورٹانن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کینیڈین حریف الیکسس گیلرنیو اور واسیک پوسپیسیل کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 3-6 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ پہلی مرتبہ ڈیوس کپ فائنلز کے سیمی فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔