پی ایس ایل 7: 'کراچی رو رہا ہے'، بین کٹنگ کی اہلیہ کا پیغام توجہ کا مرکز

Published On 08 February,2022 09:30 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں بطور پریزینٹر ذمہ داریاں نبھانے والی بین کٹنگ کی اہلیہ ایرن ہالینڈ نے کراچی کا شکریہ ادا کیا جو توجہ کا مرکز بن گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایرن ہالینڈ نے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے اختتام اور دوسرے مرحلے سے قبل پیغام جاری کرتے ہوئے’شکریہ کراچی‘ کا ایک بینر اٹھائے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور کیپشن میں بھی شکریہ لکھا۔

بعد ازاں آج صبح کراچی کی بارش پر ایرن ہالینڈ نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی رو رہا ہے، کیونکہ ہم شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

ایرن ہالینڈ کے شوہر پشاور زلمی کے آل راؤنڈر بین کٹنگ نے کہا کہ پشاور زلمی لایور میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، پاکستان سپر لیگ کو پوری طرح انجوائے کررہا ہوں، پی ایس ایل کا کرکٹ معیار زبردست ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کے ساتھ اچھا وقت گزر رہا ہے اور لاہور میں پی ایس ایل میچز کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں ۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 7 کا دوسرا مرحلہ جمعرات سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔