پشاور:(دنیا نیوز) پشاور میں خیبر پختونخوا ہاکی لیگ 2021 کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہاکی لیگ 2021 صوبے کی تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ ہوگی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن صوبے میں کھیلوں کی حوالے سے تاریخی دن ہے، خیبر پختونخوا ہاکی لیگ صوبے اور ملک میں قومی کھیل کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے اہم اقدام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ، خیبر پختونخوا میں یونین کونسل کی سطح پر اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کئے جارہے ہیں، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کے دوبارہ احیا کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے۔