مالم جبہ : (دنیا نیوز) مالم جبہ سکی ریزارٹ میں پاکستان کی سطح پر پہلی بار نیشنل گراس سکی چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا جس میں ملک بھرسے نو ٹیموں نے حصہ لیا، خواتین سلالم میں عزیرہ گل جبکہ مرد سلالم میں فضل ورو نے میدان مارلیا۔
قدرتی حسن سے مالامال مالم جبہ میں پہلی بار نیشنل گراس سکی مقابلوں کیلئے میدان سجا، گراس سکی کے مقابلوں میں مقامی کھلاڑیوں سمیت ملک بھر سے نوٹیموں نے خوب زور آزمائی کی۔ مالم جبہ میں موجود سیاحوں نے جہاں وادی کے قدرتی حسن کی دل کھول کرتعریف کی وہی منعقدہ گراس سکی چیمپئن شپ میں شامل کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی کو بھی سراہا۔
نیشنل گراس سکی چیمپئن شپ میں خواتین کے سلالم میں مڈکلشت چترال کے عزیرہ گل اور مرد سلالم میں گلگت بلتستان کے فضل ودو نے پہلی پوزیشن لیکرکامیابی اپنے نام کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات امین اسلم نے پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔