پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں گردوں، جگر،بون میرو ٹرانسپلانٹ اور تھیلیسمیا سمیت 8 مہنگی بیماریوں کا بھی مفت علاج ہو گا، وزیراعلیٰ محمود خان نے مستحق لوگوں کے مفت علاج کے لئے انقلابی اقدام کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کڈنی، لیور،بون میروٹرانسپلانٹ ،تھیلیسمیا سمیت 8مہنگی بیماریوں کامفت علاج ہوگا۔ وزیراعلیٰ کو اجلاس کے دوران مذکورہ بیماریوں کےمفت علاج کے طریقہ کار پربریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کمزورطبقوں کا خصوصی خیال رکھے، فوڈ کارڈ اسکیم اور مفت تعلیم کے لیے ایجوکیشن کارڈ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ، مستحق خاندانوں کے طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ کی اسکیموں کے اجراء کے لئے معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مفت ایجوکیشن کارڈ، فوڈ کارڈ اور کسان کارڈ اسکیموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں ان بیماریوں کے مفت علاج کو صحت کارڈ پلس اسکیم میں شامل کرنے یا اس کے لئے الگ پروگرام کے اجراء پر غورکیا گیا ،وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو دونوں آپشنز پر ہوم ورک مکمل کرکے قابل عمل تجاویز منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔