خیبرپختونخوا میں خواتین کی جانب سے سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے واقعات، تحقیقات شروع

Published On 25 August,2021 09:12 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں خواتین کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے واقعات سامنے آ گئے، ایف آئی اے سائبرکرائم نے خواتین کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ،دائرہ کار صوبہ بھر تک پھیلایا جائیگا۔

خیبرپختونخوا میں سائبر کرائم میں خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں، صوبہ بھر میں خواتین کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے واقعات سامنے آگئے۔ صوبے میں سائبر کرائم میں خواتین کی بڑی تعداد ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھی بلیک میلرخواتین سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں، حکام کے مطابق خواتین سے متعلق شکایات پر تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب سے شہریوں نے بھی خواتین کی جانب سے سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے بڑھتے واقعات پرتشویش کا اظہار کیا ہے، شہری کہتے ہیں سائبر کرائم میں ملوث افراد ذہنی کوفت کا باعث بنتے ہیں، حکومت سخت اقدامات اٹھائے ۔

سائبرکرائم کی بڑھتی ہوئی شرح میں ایک بنیادی وجہ ان جرائم سے بچنے کےلیے عوام میں آگاہی کا بھی نہ ہونا ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم میں خواتین کے ملوث ہونےکی بڑی وجہ ان کے نام سے استعمال کی جانیوالی موبائل سمیں بھی ہیں جن سے وہ تو لاعلم ہوتی ہیں لیکن ان سموں کے استعمال سے انہیں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔