اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوڈا کونینوری نے ٹوکیو اولمپکس میں مردوں کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے پریمیئر جیولن تھرو ور ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں جاپانی سفیر نے ارشد ندیم کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بدقسمتی سے آپ تمغہ جیتنے والے پوڈیم پر جگہ حاصل نہیں کر سکے لیکن مجھے یقین ہے آپ نے دنیا کے میگا ایونٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث بہت سے لوگوں کےدل جیت لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے ایونٹ کے فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل کیا، آپ اپنی کوششوں کو نئے جوش کے ساتھ جاری رکھیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب آپ فتح کے مقام پر ہوں گے۔