ٹوکیو: (دنیا نیوز) ٹوکیو اولمپکس کی دو سو میٹر دوڑ میں آخری نمبر پر آنے والی قومی ایتھلیٹ نجمہ پروین کو ان فٹ ہونے کے باوجود مقابلوں میں بھجوانے کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ دعویٰ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں کیا گیا ہے۔ خط میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نجمہ پروین کی غیر معیاری فٹنس اور نامناسب تیاری پر ٹوکیو نہ بھیجوانے کا کہا تھا لیکن اس کے باوجود انھیں نمائندگی دی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی خاتون رنر نجمہ پروین اولمپکس کی 200 میٹر دوڑ میں ساتویں نمبر پر آئیں۔ شوٹنگ مقابلوں میں نشانہ باز غلام مصطفیٰ بشیر نے ٹاپ ٹین میں آ کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ محمد خلیل اختر متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے، وہ 15ویں نمبر پر رہے۔