ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) اولمپکس کے گیاریویں روز میزبان جاپان دو روز بعد دو گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ جرمنی، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز نے چار، چار طلائی تمغے جیت لیے۔ ٹوکیو اولمپکس میں 32 گولڈ میڈل کے ساتھ چین پہلے جبکہ امریکہ 22 گولڈ میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ میزبان جاپان نے 19 طلائی تمغے حاصل کئے ہیں۔ کیوبا نے تین جبکہ ناروے اور ہنگری نے ایک ایک سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
اولمپکس میڈلسٹ امریکہ کی سٹار جمناسٹ سیمون بائلز کی ٹوکیو اولمپکس میں برانز میڈل کے ساتھ واپسی ہوگئی، وہ ذہنی مسائل کا شکار ہوکر ٹوکیو اولمپکس میں دستبرداری کا اعلان کرچکی تھیں۔ سیمون بائلز ہوا میں اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پا رہی تھیں۔
جاپانی باکسر سینا ایری نے ٹوکیو اولمپکس کے ویمنز باکسنگ فیدرویٹ ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ جاپانی باکسر سینا ایری نے فلپائن کی عالمی چیمپئن نیسٹی پیٹیکیو کو شکست دی۔ سینا ایری اس کامیابی کے بعد باکسنگ میں اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی جاپانی خاتون باکسر بن گئیں۔
جرمنی کی مایہ ناز ایتھلیٹ اور عالمی چیمپئن ملائکہ میہامبو نے ٹوکیو اولمپکس کے ویمن لانگ جمپ مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔ ملائکہ میہامبو نے عمدہ کوشش کرتے ہوئے 7.00 لمبی چھلانگ لگا کر اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
چین نے ڈائیونگ کے مینز سپرنگ بورڈ مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا، ژی سیی نے عمدہ کارکردگی کی بدولت 558.75 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔
ہالینڈ کے سائیکل سوار وں جیفری ہوگلینڈ،ہیری لاوریسن اور رائے وین ڈین برگ نے ٹوکیو اولمپکس کی مردوں کے ٹریک سائیکلنگ ٹیم سپرنٹ ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔
انگلینڈ کے سواروں جیک کارلن، جیسن کینی اور ریان اوونزنے ایونٹ میں چاندی اور فرانسیسی سائیکل سواروں فلورین گرینگبو، ریان ہلال اور سبسٹین ویجیرنے کانسی کا تمغہ جیتا۔
ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن نے بیڈ منٹن مینز سنگلز ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ چین کے چن لانگ نے چاندی کا تمغہ جبکہ انڈونیشیا کے اینتھونی سینیسوکا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔