ایشلی بارٹی اور سرینا ولیمز آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے تیار

Published On 07 January,2021 06:29 pm

میلبرن: (دنیا نیوز) ٹینس کے میدان ایک بار پھر سجنے کو تیار ہیں۔ عالمی نمبر ایک ایشلی بارٹی اور ریکارڈ 23 بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن سرینا ولیمز آسٹریلین اوپن سے پہلے میلبرن میں ہی دو ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔

تفصیل کے مطابق کورونا کے باعث کھیل سے دور ویمن ٹینس سٹارز اِن ایکشن ہونے کیلئے تیار ہیں۔ سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم "آسٹریلین اوپن" سے قبل اچھی تیاری کا پلان فائنل کر لیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈبلیو ٹی اے کے دو ٹورنامنٹ شیڈول ہیں۔ ریکارڈ 23 گرینڈ سلیم چیمپئن سرینا ولیمز سمیت نمبرون ایشلی بارٹی اور سیمونا ہیلپ کے علاوہ خواتین کھلاڑی پندرہ جنوری سے میلبرن میں ڈیرے جمائیں گی۔

دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنے کے بعد اکتیس جنوری سے چھ فروری تک اِن ایکشن ہوں گی۔ تمام احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ویمن ٹینس سٹارز آٹھ فروری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں شرکت کریں گی۔