فتح کا عزم لیے باکسر محمد وسیم میکسیکن کھلاڑی کیساتھ ٹکرانے کیلئے تیار

Last Updated On 21 November,2019 04:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی باکسر محمد وسیم ایک اور فائٹ کیلئے تیار ہو گئے، میکسیکو کے گینگان لوپز سے 22 نومبر کو مقابلہ شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم فتح کا عزم لیے جمعۃ المبارک کو میکسیکو کے گینگان لوپز کے ساتھ ٹکرائیں گے، گینگان لوپز 46 باوٹس میں سے 36 میں کامیاب رہے ہیں۔

باکسر محمد وسیم نے دبئی میں ہونے والی فائٹ کے لیے سکاٹ لینڈ میں بھرپور تیاریاں کی، تیاریوں کے دوران سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر سائیکلنگ چلانے میں مصروف رہے۔

دوران ٹریننگ پاکستانی سپر سٹار کا کہنا تھا کہ سائیکل چلانے سے گھٹنے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں، میکسیکن فائٹر کو شکست دیکر پاکستان کیلئے کامیابی حاصل کرناچاہتا ہوں، ورلڈ باکسنگ کونسل کا ورلڈ ٹائٹل بھی جیتنے کے لئے پر عزم ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور فائٹ: سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر محمد وسیم کی تیاریاں جاری

میکسیکو کے باکسر لوپز تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں، میچ سے قبل دونوں باکسرز کا وزن چیک کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی باکسر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر کوئی احساسات نہیں ہو سکتے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں۔

 

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں اپنے ملک کا پرچم ہمیشہ بلند کرتا رہوں گا۔ انشاء اللہ۔

یاد رہے کہ پاکستانی باکسر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، اس عرصے کے دوران انہوں نے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں جبکہ گزشتہ دفعہ ٹائٹل جیتنے کے بعد جب وہ واپس پاکستان پہنچے تو ان کا استقبال کسی نے نہ کیا تو کھلاڑی ٹیکسی پر بیٹھ کر گھر روانہ ہوئے اس دوران متعدد پاکستانیوں نے شدید رد عمل دیا تھا۔

انہوں نے دبئی میں پروفیشنل باؤٹ میں فلپائنی باکسر کو پچھاڑا تھا۔ فائنل میں فلپائنی باکسر کونراڈوسور کو محض 82 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کرکے اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ محمد وسیم نے باکسنگ چیمپیئن جیتنے کے بعد کامیابی کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کیا تھا۔