لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، ملک میں دم توڑتے قومی کھیل کو پروان چڑھانے کیلئے ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ ملک بھرمیں مجموعی طور پر 1144 ہاکی کلبز ہیں جن میں سے 605 کلب رجسٹرڈ ہیں۔
پنجاب میں 375 کلبز کا اندراج ہے جبکہ سندھ میں 67، خیبر پختونخوا میں 126، بلوچستان میں 25 اور اسلام آباد میں 12 ہاکی کلبز رجسٹرڈ ہیں۔
سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ کے بعد ریجنل اور صوبائی سطح پر کلب ہاکی مقابلے کرانے کی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ کلب لیول پر ہاکی کو فروغ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کے سیکرٹریز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے انعقاد پر رابطہ کررہے ہیں۔ لاہور میں کلب ہاکی کے فروغ کیلئے ٹاﺅن ہاکی لیگ کرانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور ٹورنامنٹ کے اچھی طرح انعقاد کے لیے مختلف سپانسرز سے بھی بات چیت کررہے ہیں۔