لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فیڈریشن انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) کو جرمانے کی پہلی قسط دے دی۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے جرمانے کی پہلی قسط ایشین ہاکی فیڈریشن کو جمع کرائی گئی ہے جو ایف آئی ایچ کو دے دی گئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پہلی قسط ایشی ہاکی فیڈریشن کو جمع کرائی ہے جو ایف آئی ایچ کو دے دی گئی ہے۔ پرو ہاکی لیگ میں عدم شرکت کے باعث پی ایچ ایف پر ایک لاکھ 80 ہزار یورو جرمانہ لگا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر جرمانہ کو کم کر کے 50 ہزار ڈالر کر دیا گیا تھا جسے ہم نے تین قسطوں میں جمع کرانا ہے۔
آصف باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائنگ میچز شیڈول 7 ستمبر کے بعد جاری کرے گی۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی ٹیم کو معطل کرتے ہوئے پرو ہاکی لیگ کے ابتدائی راونڈ میں میچوں کے انتظامات پر اٹھنے والے اخراجات کے برابر اور تقریباً 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا۔ آئی ایچ ایف نے اقدام پاکستانی ٹیم کی جانب سے پرو لیگ میں شرکت سے انکار پر کیا ہے۔
مالی مسائل سے دوچار پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ میں ٹیم کی شرکت سے معذرت کے بارے میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کیا تو آئی ایچ ایف نے اتنی تاخیر سے آگاہ کرنے پر پاکستانی ٹیم کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے معطلی اور اخراجات کے برابر جرمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرو لیگ میں اس کی عدم شرکت کی تصدیق کی تھی۔