لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہاکی ٹیموں کے لیے نیا کوچنگ سیٹ اپ لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سینئراور جونیئر ہاکی ٹیموں کیلئے نیا کوچنگ سیٹ اپ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہاکی فیڈریشن کی نئی ٹیم انتظامیہ کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سینئرزاور نوجوان کوچز پر انحصار کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں فنڈز ملنے پر غیر ملکی کوچز کو بھی ٹیموں کیساتھ لگانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سعید خان، رشید جونیئر، اصلاح الدین، خواجہ جنید کو سینئر اور جونیئر ٹیموں کے ہیڈ کوچز کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے، ان کے ساتھ وسیم احمد اور سہیل عباس سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاہم ان دونوں کے ساتھ معاملات کا فائنل ہونا ابھی باقی ہے۔
ذرائع کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ذیشان اشرف، سمیر حسین، مدثر علی خان اور دانش کلیم بھی فہرست میں شامل ہیں۔