لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے لیجنڈ ہاکی پلیئر اور اولمپین سہیل عباس نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کیساتھ کام کرنے سے معذرت کر لی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹری اولمپئین آصف باجوہ اور اولمپئین سہیل عباس کے درمیان عبدالستار ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات ہی نہ ہو سکی اور 42 سالہ سہیل عباس نے فون پر ہی عدم دستیابی سے سیکرٹری کو آگاہ کر دیا۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ جن کے ساتھ اولمپئین سہیل عباس نے ملاقات سے بھی گریز کیا، اس تمام صورت حال پر محتاط انداز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اولمپئین سہیل عباس ہمارا فخر ہیں اور جلد ہمارے کارواں میں شامل ہوکر قومی کھیل ہاکی کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
یاد رہے کہ سہیل عباس پاکستان ہاکی کے عظیم کھلاڑی ہیں انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 348 گولز کیے ہیں۔ ہاکی ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی ادا چکے ہیں، ان کے بارے میں مشہور تھا کہ دنیا کے بہترین پنالٹی کارنر تھے۔ 1999ء میں ایک سال کے دوران انہوں نے 60 گولز کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔